جنگ صفین اور بدری اصحاب رسول ﷺ

قارئین محترم جنگ صفین کا کچھ احوال پیش خدمت ھے
عام طور پہ مومنین کو صفین میں ان صحابہ کا نہیں پتا جو کہ مولا کائنات علی ابن ابی طالب ؑ کی طرف سے معاویہ بن ابی سفیان کے لشکر سے ٹکراۓ تھے اور وہ بدری صحابہ تھے جنہوں نے ہمیشہ علی ؑ کو حق سمجھا اوراپنی جان تک مولا علی ؑ پر نچھاور کر دی
ایسے باوفا اصحاب پر ہمارا سلام ہو ان کی عظمتیں اور رفعتیں ایسی ہیں جن کی منزل تک پہنچا نہیں جا سکتا
خدا ہمیں ایسے اصحاب کی محبت و معرفت عطاء فرماۓ

جنگ صفین کی پشین گوئ

اسلام کی تاریخ میں روایات کی روشنی میں تین گروہ وجود میں آۓ جن سے مولا علی ؑ کے جہاد کی روایت ملتی ھے
1 ناکثین عہدو پیمان کو توڑنے والے 2 قاسطین ظالم و بے درد حق سے دور ہونے والے 3 مارقین گمراہ اور دین سے خارج ہونے والے

یہ تینوں نام رسول خدا ﷺ کے زمانہ میں ہی رکھے گئے تھے
جناب رسول خدا ﷺ نے علی ؑ اور بعض اصحاب سے فرمایا تھا
کہ علی ؑ ہی ان گروہ سے جنگ کریں گے
خطیب بغدادی تاریخ بغداد میں نقل کرتے ہیں
رسول خدا ﷺ نے علی ؑ سے فرمایا تھا جس کو جناب علی ؑ نے بیان فرمایا کہ
امرنی رسول اللہ ﷺ بقتال الناکثین والقاسطین والمارقین
کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے مجھے حکم دیا کہ میں ناکثین قاسطین اور مارقین کے ساتھ جنگ کروں

تاریخ مدینہ و اسلام معروف بہ تاریخ بغداد جلد 8 ص 340
اسی طرح
ابن کثیر نے بھی البدایہ والنھایہ میں نقل کیا ھے کہ رسول اللہ ﷺ نے جناب ام سلمہ ؑ سے فرمایا
یا ام سلمة ھذا واللہ قاتل الناکثین والقاسطین والمارقین من بعدی
اے ام سلمة ؑ یہ علی ؑ میرے بعد ناکثین قاسطین اور مارقین سے میرے بعد جنگ کریں گے
البدایہ والنھایہ ج 4 ص 305
اسی طرح مستدرک حاکم کی ایک روایت جس میں آپ ﷺ نے حذیفہ ؓ سےب فرمایا تھا کہ قرآن کے پیچھے چلتے رہو وہ جہاں بھی جاۓ ہم نے کہا کہ جب لوگوں میں اختلاف ہو جاۓ تو پھر کس کے ساتھ ہونا چاہیے آپ ﷺ نے فرمایا اس جماعت کو دیکھو جس میں سمیہ کا بیٹا ھے اور اسی جماعت کے ساتھ چپکے رہو
حضرت حذیفہ کہتے ہیں یا رسول اللہ ﷺ ابن سمیہ کون ہیں
آپ نے فرمایا تم نہیں جانتے میں نے کہا آپ ﷺ اس کو معین کر دیجیے
آپ نے فرمایا عمار بن یاسر ؓ
میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا کہ آپ ﷺ عمار ؓ سے فرمایا اے ابو یقنطان تم اس وقت تک نہیں مرو گے جب تک تمہیں ایک باغی جماعت قتل نہ کر دے
اس روایت کے کئ طریق ہیں جو صحیح السند ہیں

مستدرک الحاکم ج 4 ص 722
ویسے تو اس جنگ میں بہت سے اصحاب پغمبر ﷺ مولاکائنات علی ؑ کے ساتھ تھے

لیکن ہم یہاں صرف چند بدری اصحاب کے نام پر اکتفاء کریں گے

1 حضرت مالک بن تہان بدری صحابی

ابن حجر عسقلانی لکھتے ہیں آپ غزوہ بدر میں شامل تھے
الاصابہ جلد 7 ص 368
ابن اثیر الجزری لکھتے ہیں
مالک بن تہیان ؓ جنگ صفین میں 37 ھجری کو حضرت علی کی طرف سے لڑتے ہوۓ شہید ہوۓ
اسد الغابہ حصہ 7 ص 75

2 حضرت عبید بن تہیان بدری ؓ
آپ بدر اور احد میں شریک تھے اور لیلة العقبہ میں رسول اللہ ﷺ کے ہاتھ پر بیعت کی تھی
صفین میں علی ؑ کے ساتھ جنگ میں شریک تھے
اسد الغابہ ج 6 ص 472

3 رفاع بن رافع بدری صحابی ؓ
آپ بیعیت عقبہ میں شامل تھے آپ بدر و احد خندق اور بیعت رضوان سمیت کافی مشاہد میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ شریک تھے
البدایہ والنھایہ ج 8 ص 36


صفین اور جمل میں علی ؑ کے ساتھ تھے
الاستعیاب ج 1 ص 385 ابن عبدالبر

4 حضرت سہل بن حنیف بدری صحابی ؓ
آپ احد اور بدر جیسے معرکے میں رسول اللہ ﷺ کے قریبی جانثاران میں شامل تھے
الاصابہ ج 2 ص 478
بخاری لکھتے ہیں کہ جنگ جمل کے بعد آپ صفین میں حضرت علی ؑ کے ساتھ تھے

بخاری شریف ج 2 ص 602

4 عمار یاسر ؓ
آپ جلیل القدر اور عظیم المرتبت صحابی ہیں جن کی محبت کو رسول اللہ ﷺ نے خود بھی قبول فرمایا
صفین میں ان کی شہادت ہی باغی گروپ کی پہچان بنی اور بہت سے الجھن کا شکار صحابہ بھی ان کی شہادت کے بعد علی ؑ کے لشکر میں آ ملے
آپ صفین میں شہید ہوۓ
البدایہ والنھایہ ج 7 ص 344

5 خزیمہ بن ثابت بدری صحابی

حضرت خزیمہ بن ثابت جمل میں علی ؑ کے ساتھ تھے لیکن صفین میں اپنے خیمے میں رکے رہے یہاں تک کہ عمار بن یاسر ؓ کی شہادت کی خبر آئ اور جب یہ بات سنی تو کہ عمار کو معاویہ بن ابی سفیان کے لشکر نے شہید کر دیا ھے تو اس وقت تکبیر بلند کی اور فرمایا کہ علیؑ ہی حق پر ہیں اس میں جنگ میں ضرور حصہ لوں گا
آپ ؓ نے فرمایا تھا
اذا نحن بایعنا علیا فحسبنا
کہ ہم نے علی ؑ کی بیعت کر لی ھے اور ہمارے لیے یہی کافی ھے عمار ؓ کے قتل کے بعد گمراہی آشکار ہو گئ ھے
سیر الصحابہ ج 1 ص 203

6 حضرت ابو قتادہ انصاری بدری صحابی ؓ
آپ ؓ نے احد اور بدر میں شمولیت فرمائ آپ کی ایک آنکھ تیر لگنے سے زخمی ہو گئ تھی رسول اللہ ﷺ کے لعاب دہن سے صحیح ہو گئ تھی

شفا ص 213
آپ نے جمل اور صفین میں شرکت فرمائ تھی
سیر الصحابہ ج 1 ص 132

7 حضرت ابو فضالہ بدری صحابی ؓ
علامہ ابن عبدالبر لکھتے ہیں
آپ جنگ صفین میں علی ؑ کے لشکر میں شامل تھے اور اسی جنگ میں شہید ہوۓ تھے آپ بدری صحابی تھے
الاستعیاب ج 2 ص 583

8 حضرت جابر بن عبداللہ انصاری ؓ بدری صحابی

کسی تعارف کے محتاج نہیں آپ عظیم المرتبت جلیل القدر صحابی تھے آپ کی روایات کثیر تعداد میں موجود ہیں
الاصابہ میں ھے کہ بدر کے دن آپ لوگوں کو پانی پلاتے تھے
الاصابہ ابن حجر ج 1 ص 222
آپ جنگ صفین میں عمار یاسر ؓ عبداللہ بن عباس خزیمہ بن ثابت اور عمار یاسر ؓ کے ھمرکاب ہو کر لڑتے رہے
اسد الغابہ ج 2 ص 349

9 حضرت ثابت بن عبید ؓ بدری صحابی

حضرت ثابت بن عبید ؓ بدری صحابی تھے اور جنگ صفین میں حضرت علی ؑ کی طرف سے شریک ہوۓ تھے اور صفین میں ہی شہید ہوۓ

اسدالغابہ ابن اثیر ج 1 ص 317

10 حضرت عداللہ بن عتیک بدری صحابی

آپ بھی اصحاب بدر میں شامل تھے گستاخ رسول ﷺ ابو رافع یہودی کے قاتل تھے آپ کی ہنڈلی کی ہڈی اسی وجہ سے ٹوٹی تھی آپ ﷺ کے دست مبارک پھیرنے سے ٹھیک ہو گئ تھی
آپ جنگ یمامہ میں شہید ہوۓ تھے اسد الغابہ میں ھے کہ آپ صفین میں علی ؑ کے ساتھ تھے
اسدالغابہ ج 2 ص 273

11 حضرت ابو مسعود انصاری بدری صحابی

یہ عقبہ بن عمرو ؓ ہیں اپنی کنیت سے زیادہ پہچانے جاتے تھے یہ بیعت عقبہ میں بھی شامل تھے
امام بخاری لکھتے ہیں کہ ابو مسعود یقیناً بدر میں شریک ہوۓ تھے
ان سے کئ احادیث ہیں جن میں یہ صراحت موجود ھے کہ آپ بدر میں شریک ہوۓ
ابو مسعود انصاری ؓ مولا علی ؑ کے شاگرد تھے مولا ؑ نے جب صفین کی طرف سفر کیا تو آپ کو کوفہ میں اپنا نائب مقرر کیا تھا

اسد الغابہ ج 6 ص 562
البدایہ والنھایہ ج 7 ص 562

12 ابو عمرة بشیر بن عمرو بدری صحابی ؓ

امام ابن اسحاق نے بدر کے شرکاء میں آپ کا ذکر کیا ھے
المعجم الکبیر میں طبرانی نے لکھا ھے کہ
ابو عمرہ انصاری آپ کا نام بشیر بن عمرو بن محصن یا ثعلبہ بن عمرو بن محصن ھے انہوں نے علی ؑ کی خدمت میں ایک لاکھ درہم پیش کیے تھے جو جنگ جمل اور صفین میں استعمال ہوۓ آپ جنگ صفین میں شہید ہوۓ

المعجم الکبیر ج 1 ص 211

13 معاذ بن حارث بدری صحابی ابو جہل کے قاتل

جنگ بدر میں یہ کمسن تھے ان کو کون نہیں جانتا ان دونوں بھائیوں معوذ اور معاذ نے ابو جہل کو بدر میں قتل کیا تھا آپ بدری صحابی تھے
صفین میں معاذ بن حارث مولا علی ؑ کے مجاہدین میں شامل تھے
واقدی کے نزدیک معاذ بن حارث نے جنگ صفین میں شرکت کی اور اسی جنگ میں شہید ہوۓ

اسدا لغابہ حصہ 8 ص 188
اسی طرح

14 حضرت ابو الیسر بن عمرو بدری صحابی تھے صفین میں مولا علی ؑ کے ساتھ شریک ہوۓ

الاستعیاب ج 2 ص625

15 حارث بن حاطب بدری صحابی ؓ

ابن حجر الاصابہ میں نقل کرتے ہیں کہ آپ بدری صحابی ہیں
آپ کی کنیت ابو عبداللہ تھی آپ کے بھائ معروف صحابی
ابو لبابہ ؓ ہیں جن کو بدر کے موقع پر حاکم مدینہ بنایا گیا تھا

الاصابہ ج 1 ص 520
ابن اثیر لکھتے ہیں
کہ حضرت حارث بن حاطب جنگ صفین میں مولا علی ؑ کے لشکر میں شامل تھے

اسد الغابہ ج 2 ص 430

16 حضرت اسید بن ثعلبہ انصاری بدری صحابی

ابن عبدالبر لکھتے ہیں حضرت اسید بن ثعلبہ انصاری غزوہ بدر میں رسول کریم ﷺ کے ساتھ تھے اور جنگ صفین میں مولا علی ؑ کے ساتھ شامل تھے

الاستعیاب ج 1 ص 120

17 حضرت جبر بن انس ؓ بدری صحابی

صفین میں شامل ہونے والوں میں جبر بن انس ؓ بھی شامل ہیں تعلق قبیلہ بنی زریق سے تھا اور اصحاب بدر میں شامل تھے
ابن اثیر اور عسقلانی نے آپ کو جنگ صفین میں مولا علی ؑ کے ساتھ لکھا ھے

اسد الغابہ ج 2 ص 359
الاصابہ ج 1 ص 427

18 حضرت ابو بردہ بن نیار بدری ؓ

آپ انصار کے حلیف اور بدری صحابی تھے
الاستعیاب میں ابن عبدالبر نے لکھا کہ آپ بیعت عقبہ ثانیہ میں ستر مدنی اصحاب کے ساتھ شریک ہوۓ تھے
الاستعیاب ج 2 ص 480
جنگ احد میں بھی شامل تھے
جنگ احد میں دو گھوڑے مسلمانوں کے پاس تھے ان میں سے ایک گھوڑے کے مالک حضرت ابو بردہ بن نیار ؓ تھے
واقدی لکھتے ہیں کہ ابو بردہ بن نیار جنگ صفین میں مولا علی کرم اللہ وجھہ کے ساتھ شریک تھے
الاستعیاب ج 2 ص 481

تحریر و تحقیق احقر العباد سید ساجد بخاری